افغانستان بھارت سے خوشگوار تعلقات رکھے،مگر پاکستان کی سلامتی پر نہیں

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ افغان حکومت بھارت کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھ سکتی ہے، مگر یہ تعلقات پاکستان کی سلامتی کی قیمت پر برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے دوحہ میں مجوزہ پاک افغان مذاکرات کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو بقائے باہمی کے اصول پر مستقل قواعد وضع کرنے ہوں گے کیونکہ جغرافیہ بدلا نہیں جا سکتا۔

سعد رفیق نے کہا کہ سرحد کے دونوں طرف کلچر اور زبان میں مماثلت رکھنے والے کروڑوں لوگ آباد ہیں، اس لیے پاک افغان تعلقات میں تاریخی نشیب و فراز کے باوجود تعاون لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو پاکستان سے اناج، اشیائے ضرورت اور دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، اس کے بدلے میں ہمیں کسی صورت مسلح خوارج (دہشت گرد عناصر) کی برآمدِ رُکوانی قبول نہیں ہوگی اور اس کو ہر قیمت پر روکا جانا چاہیے۔