وائامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی مجوزہ ملاقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ نے ایک رپورٹر کو طنزیہ انداز میں جواب دیا: ’’تمہاری ماں نے‘‘۔ اس واقعے نے امریکی میڈیا میں سخت ردِعمل پیدا کر دیا ہے۔
ٹرمپ نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی ہنگری کے دارالحکومت بُڈاپسٹ میں پیوٹن سے ملاقات کریں گے تاکہ یوکرین جنگ کے خاتمے پر بات چیت کی جا سکے۔ تاہم اس فیصلے پر اعتراضات اٹھے ہیں، کیونکہ پیوٹن کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے گرفتاری کا وارنٹ جاری کر رکھا ہے، مگر ہنگری اس وارنٹ پر عمل کرنے کا پابند نہیں۔
جب ہف پوسٹ رپورٹر نے پوچھا کہ ملاقات کے مقام کا فیصلہ کس نے کیا، تو لیویٹ نے جواب دیا: ’’تمہاری ماں نے‘‘۔ بعد ازاں وائٹ ہاؤس کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ نے بھی یہی جملہ دہرایا۔
جب لیویٹ سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں یہ مزاحیہ لگا، تو انہوں نے کہا، ’’مجھے یہ مضحکہ خیز لگتا ہے کہ تم خود کو صحافی سمجھتے ہو، تم ایک بائیں بازو کے انتہا پسند کارکن ہو جسے میڈیا میں کوئی سنجیدگی سے نہیں لیتا۔‘‘
وائٹ ہاؤس کے ترجمان ٹیلر راجرز نے بتایا کہ ’’یہ جواب بالکل مناسب تھا‘‘ اور مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ شخص حقیقی رپورٹر نہیں بلکہ ایک سیاسی کارکن ہے۔
رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے حالیہ دنوں میں اپنی سیاسی زبان مزید سخت کر لی ہے۔ فاکس نیوز کے ایک انٹرویو میں لیویٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ ’’ڈیموکریٹک پارٹی کا اصل ووٹ بینک حماس کے دہشت گردوں، غیر قانونی تارکین وطن اور پرتشدد مجرموں پر مشتمل ہے۔‘‘
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos