پاک افغان بارڈر کی بندش سے پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

پشاور: پاک افغان سرحد کی بندش کے باعث پھلوں کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو گیا ہے۔ سرحدی کشیدگی کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں طورخم بارڈر پر لگی ہوئی ہیں جبکہ تجارت تقریباً معطل ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر بند ہونے کے بعد انگور کی فی کلو قیمت 400 روپے سے بڑھ کر 800 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ انار فی کلو 300 روپے سے بڑھ کر 600 روپے ہو گیا ہے۔
اسی طرح سیب کی فی کلو قیمت 200 روپے سے بڑھ کر 400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ سرحدی بندش کے باعث پھلوں کی سپلائی متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر ہو چکا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ تجارت جلد بحال ہو جائے گی جس سے پھلوں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔