سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست پر اعتراضات ختم

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیے گئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کے دوران رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ کیس سنا اور بعد ازاں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری داخلہ پنجاب، آئی جی پولیس اور سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 23 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کیے۔

سہیل آفریدی کے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے دائر پٹیشن پر رجسٹرار آفس نے غیر ضروری اعتراضات عائد کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اعتراض یہ تھا کہ اس معاملے پر پہلے ہی عدالت فیصلہ دے چکی ہے اور یہ بھی کہا گیا کہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بغیر وزیر اعلیٰ درخواست دائر نہیں کر سکتے، حالانکہ اس وقت کابینہ بنی ہی نہیں ہے۔

عدالت نے اعتراضات دور کرتے ہوئے کیس کی باقاعدہ سماعت کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔

واضح رہے کہ رجسٹرار آفس نے پہلے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے حوالے سے عدالت پہلے ہی ایک فیصلہ دے چکی ہے جس میں ملاقاتوں کا طریقہ کار اور ایس او پیز طے کیے گئے ہیں، اس کے باوجود نئی پٹیشن دائر کی گئی۔