ملتان
کسٹمز کلکٹوریٹ (انفورسمنٹ) ملتان نے اکتوبر 2025 کے ابتدائی 17 دنوں کے دوران 481.949 ملین روپے مالیت کی اشیاء ضبط کر کے انسدادِ اسمگلنگ مہم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ نتائج محکمے کی غیر معمولی آپریشنل مہارت، موثر حکمتِ عملی اور تسلسل کو ظاہر کرتے ہیں۔
کلکٹوریٹ کی ایک بڑی کارروائی کے دوران غلہ منڈی ملتان کے قریب ایک مزدا ٹرک کو روکا گیا جس میں غیر ملکی سگریٹ اور چھالیہ کو جانوروں کی پسی ہوئی ہڈیوں کے نیچے چھپا کر اسمگل کیا جا رہا تھا۔ مزید تفتیش پر انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک گودام پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے مزید غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں جن کی ابتدائی مالیت 14.890 ملین روپے بتائی گئی ہے۔
اسی طرح، جے سی پی سخی سرور پر کارروائی کے دوران تازہ سیب لے جانے والے ہینو ٹرک سے غیر ملکی ساخت کے 104 انورٹرز برآمد کیے گئے جو سیب کی ٹوکریوں کے نیچے چھپائے گئے تھے۔ ضبط شدہ اشیاء کی مالیت 13.200 ملین روپے لگائی گئی۔
ایک اور واقعہ میں، جے سی پی ٹریمن پر معمول کی چیکنگ کے دوران ڈی آئی خان سے کراچی جانے والی ایک مسافر بس کے سامان والے خانے سے کواساکی ننجا ہیوی بائیک برآمد کی گئی، جس کی مالیت 2.200 ملین روپے ہے۔
ترجمان کے مطابق، یہ تمام کارروائیاں پاکستان کسٹمز کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہیں، جو اسمگلنگ کے انسداد، ٹیکس چوری کی روک تھام اور قومی ریونیو کے تحفظ کے لیے ان کی مسلسل کاوشوں کو نمایاں کرتی ہیں۔
محکمہ کسٹمز نے کہا کہ وہ منصفانہ تجارت کے فروغ اور مؤثر بارڈر کنٹرول کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos