چمن سرحد جزوی طور پر کھل گئی،افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت

اسلام آباد: دوحا میں پاک افغان امن معاہدے کے بعد ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت چمن کے مقام پر پاک افغان سرحد کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی خالی گاڑیوں اور ٹرکوں کو افغانستان سے پاکستان میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم پیدل آمدورفت فی الحال بند ہے۔ افغان ڈرائیورز کے لیے پاسپورٹ اور ویزا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گاڑیوں کی بڑی تعداد سرحد عبور کر کے پاکستان میں داخل ہو رہی ہے، جبکہ پاکستان سے افغانستان بھیجے جانے والے مہاجرین کو بھی واپسی کے عمل کے تحت روانہ کیا گیا ہے۔

صدر انجمن تاجران چمن محمد صادق کے مطابق یہ اجازت عارضی بنیادوں پر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسپین بولدک بارڈر کراسنگ بھی دوبارہ کھول دی گئی ہے، تاہم عام شہریوں کی پیدل آمدورفت حساس معاملات کے باعث ابھی بحال نہیں کی گئی۔