قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی نئی قیادت:محمود خان اچکزئی اپوزیشن لیڈر نامزد

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن اتحاد نے محمود خان اچکزئی کو قائدِ حزبِ اختلاف کے طور پر نامزد کر دیا۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست سیکرٹری قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع ہو چکی ہے، جس پر 74 اراکینِ اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق درخواست چیف وہِپ عامر ڈوگر، سابق اسپیکر اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے پیش کی۔ پی ٹی آئی کے تین ارکان بیرونِ ملک ہونے کے باعث دستخط نہیں کر سکے۔

درخواست جمع کرانے کے بعد محمود خان اچکزئی اب باضابطہ طور پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی قیادت کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دینے میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق محمود خان اچکزئی کی تقرری اپوزیشن اتحاد کے لیے ایک نئی سمت متعین کر سکتی ہے، جبکہ پارلیمنٹ میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ہے۔