ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

 

اسلام آباد  ، ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایک ماہ کے دوران فی کلو چینی کی قیمت میں 5 روپے سے 45 روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

راولپنڈی میں چینی کی قیمت 185 روپے سے بڑھ کر 190 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، جبکہ اسلام آباد میں قیمت 180 روپے سے بڑھ کر 185 سے 190 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی۔

پشاور میں چینی 190 روپے سے بڑھ کر 195 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ لاہور میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جہاں قیمت 179 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلوگرام ہو گئی۔

کراچی میں چینی 190 روپے سے بڑھ کر 195 سے 200 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہی ہے، جبکہ کوئٹہ میں بھی قیمت 190 روپے سے بڑھ کر 195 سے 200 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

فیصل آباد میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا جہاں چینی 185 روپے سے بڑھ کر 230 روپے فی کلوگرام ہو گئی، جو ملک بھر میں سب سے زیادہ قیمت ہے۔

ملتان میں چینی کی قیمت 185 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلوگرام ہو گئی۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر حکومت کو فی الفور نوٹس لینا چاہیے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔