مارگلہ تھانہ حدود میں لڑکی سے مبینہ زیادتی،مقدمہ درج،ملزمان گرفتار

اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے مارگلہ تھانہ حدود میں ایک فلیٹ کے اندر لڑکی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا، پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں فیصل جلال اور سید حفیظ اللہ نامی دو افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون کو سوشل میڈیا پر نوکری کا جھانسہ دے کر فلیٹ پر بلایا گیا، جہاں دونوں ملزمان نے مبینہ طور پر زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

درخواست کے مطابق واقعے کے بعد خاتون نے خود کو کمرے میں بند کرکے پولیس کو اطلاع دی، تاہم ملزمان نے دروازہ توڑ کر دوبارہ تشدد کیا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ جیسے ہی متاثرہ خاتون کو فلیٹ سے باہر لایا گیا، اس نے شور مچایا جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ خاتون کو طبی معائنے کے لیے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔