اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ کو ہدایت دی ہے کہ وہ نانبائیوں سے ملاقات کر کے روٹی اور نان کی قیمتوں کے معاملے کو حل کریں۔
یہ حکم اسلام آباد میں نان اور روٹی کی قیمتوں کے تعین سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دیا گیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے نانبائی ایسوسی ایشن کے صدر سجاد عباسی کی درخواست پر سماعت کی۔ نانبائی ایسوسی ایشن کی جانب سے وکیل بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ کیا آج آپ کی ہڑتال ہے؟ وکیل عمر اعجاز گیلانی نے جواب دیا کہ اسلام آباد میں تو ہڑتال نہیں، البتہ پنجاب میں آج ہڑتال ہے۔ وکیل نے بتایا کہ پنجاب میں نانبائی ایسوسی ایشن کے خلاف کارروائی کے بعد ہڑتال کی کال دی گئی، جبکہ اسلام آباد میں انتظامیہ سے ملاقات کے دوران ان کے مطالبات پر بات چیت ہوئی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نانبائی ایسوسی ایشن سے ملاقات کر کے معاملہ حل کریں۔ عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے نانبائی ایسوسی ایشن کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم بھی جاری رکھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos