شہری پیسہ بینک کی بجائے اسٹاک مارکیٹ میں لگائیں،سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے ہیں کہ لوگوں کو اپنا پیسہ بینک میں رکھنے کے بجائے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کی، جس میں اسٹاک مارکیٹ کمپنی کے وکیل مرزا محمود احمد نے دلائل دیے۔ سماعت کل بھی جاری رہے گی۔

دورانِ سماعت جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ بھارت میں لوگ برسوں سے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور پاکستان میں بھی شہریوں کو بینک کے بجائے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ لگانا چاہیے۔

وکیل مرزا محمود احمد نے بتایا کہ وہ جنرل ٹیکس ادا کر رہے ہیں اور بینک سے ادھار لے کر سرمایہ کاری کرنے پر ٹیکس دینے کے بعد نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے سپر ٹیکس میں الگ بلاک کے تحت رکھنے کی درخواست کی اور بھارت کی عدالتوں کے فیصلوں کا حوالہ بھی دیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔