لاہور:آسٹریلوی شہری پر مبینہ پولیس تشدد،انکوائری کمیٹی تشکیل

لاہور میں پاکستانی نژاد آسٹریلوی شہری پر مبینہ پولیس تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ شہری کے مطابق واقعہ 24 اکتوبر کو تھانہ ٹبی سٹی کے علاقے میں پیش آیا۔

درخواست گزار خواجہ ذیشان نے الزام عائد کیا کہ تین پولیس اہلکاروں نے اُسے روکا اور مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے اس کے چہرے، ہاتھوں اور ٹانگوں پر زخم آئے۔

خواجہ ذیشان کے مطابق اہلکاروں نے اسے تھانہ بھاٹی گیٹ منتقل کیا، جہاں اس کا موبائل فون، گاڑی کی چابیاں اور 3 ہزار آسٹریلوی ڈالر بھی چھین لیے گئے۔ ان کے مطابق بعد ازاں بھانجی اور داماد کی مداخلت پر اسے رہا کیا گیا۔

ایس پی سٹی بلال احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، اور الزامات کی نوعیت جانچنے کے لیے حقائق جمع کیے جا رہے ہیں۔