پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کے بے بنیاد الزامات کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ فسطائی ہندوتوا سوچ نے بھارت کو نفرت کی فیکٹری میں تبدیل کر دیا ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستانی مشن کے قونصلر قیصر سروانی نے بھارتی مندوب کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا قبضہ غیر قانونی ہے۔ بھارت نے خود یہ مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھایا تھا، مگر اب اپنے وعدوں سے منحرف ہو رہا ہے۔
قیصر سروانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں، اجتماعی قبریں اور جبری گمشدگیاں معمول بن چکی ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بھارت میں مسلمان، عیسائی، سکھ اور دلت مسلسل ظلم و جبر کا نشانہ بن رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوتوا کی انتہاپسند سوچ نے بھارت کو نفرت، تعصب اور عدم برداشت کے راستے پر ڈال دیا ہے۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرے اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دے۔
قیصر سروانی نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں جمہوری ادارے اور عوامی آزادی پاکستان کے پُرامن اور جمہوری عزم کا ثبوت ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos