پاک فوج اور عوام دشمن کے خلاف مضبوط دیوارکی مانند ہیں۔ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مردان کی جامعات اور مدارس کے طلبہ و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست میں اہم قومی اور سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس نشست میں عبد الولی خان یونیورسٹی، وومن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور دیگر مدارس کے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے حالیہ پاک افغان کشیدگی، دہشت گردی اور خوارج کے خلاف پاک فوج کے اقدامات اور ملکی سکیورٹی صورتحال پر بات کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور عوام ایک مضبوط دیوار کی مانند ہیں۔

طلبہ و اساتذہ نے غازیان اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو سے پاک افواج کے بارے میں اہم معلومات حاصل کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

طلبہ نے کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خیبر پختونخوا کے نوجوان پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک دشمن عناصر کے سوشل میڈیا پروپیگنڈا کے بارے میں آگاہی حاصل ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔