اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اور صدر آصف علی زرداری نے اس حوالے سے عدم اعتماد لانے کی منظوری دے دی ہے۔
صدر زرداری کی زیر صدارت ایوان صدر اسلام آباد میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پارٹی کے تمام ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے پہلے سیشن کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی جبکہ دوسرا سیشن صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق کو عہدے سے ہٹانے اور نئی حکومت بنانے کی حکمت عملی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اندرونی تبدیلی (in-house change) کا فیصلہ برقرار رکھا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چوہدری یاسین نے کہا کہ پارٹی نے حکومت بنانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور آزاد کشمیر میں نئے وزیراعظم کا نام پارٹی قیادت اعلان کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزارت عظمیٰ کے لیے چوہدری یاسین، لطیف اکبر اور سردار یعقوب کو بطور امیدوار زیر غور رکھا جا رہا ہے۔ پارٹی کا موقف ہے کہ اگر موجودہ وزیراعظم مستعفی نہ ہوئے تو تحریک عدم اعتماد کے لیے کافی نمبر موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری پیر کے روز حکومت سازی کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos