اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یومِ سیاہِ کشمیر پر مقبوضہ وادی کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری شہداء، حریت رہنماؤں، قیدیوں اور مظلوم خاندانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری قیادت نے بھارتی ظلم کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا اور ان کی قربانیاں فراموش نہیں کی جائیں گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر وہ تاریخی دن ہے جب بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر کے ایک سیاہ باب لکھا، اور مقبوضہ وادی کو 1947 سے مسلسل ظلم، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت ہلاکتوں اور دیگر مظالم کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیلٹ گنز اور دیگر جارحانہ اقدامات نے کشمیریوں کی زندگیوں کو اجیرن کر دیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ میڈیا بلیک آؤٹ، انٹرنیٹ بندش اور فوجی محاصرے نے وادی کو قید خانے میں تبدیل کر دیا ہے جہاں ہر آواز دبائی جا رہی ہے، اور عالمی برادری کو کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح کے الفاظ "کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” ہمارے قومی تشخص کی علامت ہیں اور پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ظلم کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد پاکستان کے لیے اہمیت رکھتی ہے اور پاکستان اس مقصد کی حمایت پر قائم رہے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos