بھارت کی ہٹ دھرمی جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہے: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے 78 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے27 اکتوبر 1947کو سری نگر پر غیر قانونی قبضہ کیا، اور کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے جبر و ظلم کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے، لیکن بھارت مسلسل ان قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ 5 اگست 2019 کے بعد کے بھارتی اقدامات نے مقبوضہ وادی کی صورتحال مزید خراب کر دی ہے، غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دے کر آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارتی جبر کے باوجود غیر معمولی حوصلہ اور استقامت دکھائی ہے، جبکہ عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کی تکالیف کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔