بلوچستان میں دہشت گردوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم حملے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق، ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ سرکاری محافظوں کے ہمراہ دفتر جا رہے تھے جب تربت کے ضلعی ہیڈ کوارٹر پر دھماکا ہوا۔ گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے، تاہم گاڑی اور قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
دھماکے میں سات لیویز اہلکار اور ایک راہ گیر زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر تربت کے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکا موٹرسائیکل پر نصب 15 کلوگرام بارودی مواد سے کیا گیا تھا۔
بلوچستان میں حالیہ مہینوں میں انتظامی افسران پر حملوں اور اغوا کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال اور اس برس متعدد ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز پر حملے اور اغوا کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں بعض افسران ہلاک اور بعض لاپتہ ہو گئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos