لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امریکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرس نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی قونصل جنرل نے پرتپاک استقبال پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور انہیں امریکا کے نئے پولیٹیکل اینڈ اکنامک آفیسر سے متعارف کرایا۔
ملاقات کے دوران مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری خوش آئند ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ امریکا ان تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب نے تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا حوصلے سے کیا، اور اب بحالی و تعمیرِ نو کا عمل جاری ہے۔ سیلاب متاثرین کے لیے تاریخی ریلیف پیکج پر کام تیزی سے جاری ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ صوبے میں ثقافتی ورثے کی بحالی اور کلچرل ٹورازم کے فروغ پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب تہذیبی تنوع اور تاریخی ورثے سے مالا مال سرزمین ہے، جس میں عالمی سطح پر سیاحت کا مرکز بننے کا پورا پوٹینشل موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے ویمن ایمپاورمنٹ منصوبے مثبت نتائج دے رہے ہیں، جبکہ ماحول دوست اقدامات کی بدولت ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری آئی ہے۔ حکومت سرحد پار سے آنے والی سموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔
اس موقع پر امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرس نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ای بزنس پراجیکٹ کو سراہا اور کہا کہ اس منصوبے سے سرمایہ کاروں کے لیے سہولت پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کی رفتار اور مؤثر حکمرانی کو محسوس کیا جا سکتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos