شاپنگ مالز اور سپراسٹورز سے چوری کرنے والا ملزم گرفتار،32 لاکھ برآمد

راولپنڈی میں پولیس نے شاپنگ مالز اور سپراسٹورز میں چوری کی وارداتیں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے تین مختلف شاپنگ مالز اور سپراسٹورز میں چوریاں کی تھیں۔ ملزم واردات کے لیے اسٹورز میں چھپ جاتا اور بند ہونے کے بعد تالے توڑ کر چوری کرتا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار شخص کے قبضے سے 32 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔