اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ایوانِ صدر کے سیاسی کردار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کے لیے ایوانِ صدر کا استعمال مناسب نہیں، ریاستی علامتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایوانِ صدر میں آزاد کشمیر کے سیاسی بحران پر تین اجلاس ہونا غیر معمولی ہے، پیپلز پارٹی کو اس معاملے میں خصوصی احتیاط برتنی چاہیے تھی۔
راجہ فاروق حیدر کے مطابق، آزاد کشمیر میں وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ہی کریں گے، جیسے پیپلز پارٹی اپنی قیادت، آصف علی زرداری یا بلاول بھٹو کی مشاورت سے فیصلے کرتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلاول بھٹو کی زیرِ صدارت زرداری ہاؤس میں اجلاس میں کوئی قباحت نہیں، مگر ایوانِ صدر میں سیاسی مشاورت آئینی اور اخلاقی اصولوں کے برعکس ہے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ وفاقی وزرا کو بھی آزاد کشمیر کے اندرونی معاملات پر غیر ضروری تبصرے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ ریاستی غیرجانبداری کا تاثر برقرار رہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos