امریکہ سےلداسب سے بڑا تیل بردار بحری جہاز پاکستانی بندرگاہ پر پہنچ گیا

پاکستان کے توانائی کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت ہوئی ہے، جب امریکا سے لدا ہوا سب سے بڑا تیل بردار بحری جہاز "ایم ٹی پیگاسس” پاکستانی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے امریکا سے خام تیل درآمد کیا ہے۔ سنرجیکو (Cnergyico) کمپنی کی جانب سے درآمد کیے گئے اس تیل بردار جہاز میں 10 لاکھ بیرل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ آئل موجود ہے، جو آج بلوچستان میں کمپنی کے آف شور آئل ٹرمینل پر برتھ ہوگا۔

یہ تاریخی کھیپ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دی جا رہی ہے۔ سنرجیکو کے مطابق جہاز 14 ستمبر کو امریکی بندرگاہ ہیوسٹن سے روانہ ہوا تھا اور اب ملک میں توانائی کے شعبے کے لیے اہم سنگِ میل بن چکا ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ نومبر کے وسط میں دوسرا امریکی خام تیل کارگو بھی پاکستان لایا جائے گا، جبکہ تیسرا کارگو 2026 میں متوقع ہے۔ سنرجیکو اس پیش رفت کے ساتھ امریکی خام تیل درآمد کرنے والی پاکستان کی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔

توانائی کے ماہرین کے مطابق یہ اقدام ملک میں درآمدی ذرائع کی تنوع، سپلائی چین کے استحکام اور پاک امریکا تجارتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔