اسرائیلی کنٹرول کے علاقے میں سرخ لکیر کے اندر حملہ، صیہونی فوجی ہلاک

اسرائیلی کنٹرول کے علاقے میں،سرخ لکیر کے اندر، ایک حملے سے صیہونی فوجی ماراگیا۔اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف)نے بدھ کے روز کہا ہے کہ جنوبی غزہ میں لڑائی کے دوران اس کا ایک فوجی ہلاک ہو گیا۔ فوج کے مطابق ہلاک فوجی37سالہ ماسٹر سارجنٹ یونا ایفرائیم فیلڈبوم ہے۔اس کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے میں بن یامین علاقے کی زییت راعان بستی سے ہے۔ہلاک فوجی غزہ ڈویژن میں کامبیٹ انجینئرنگ کور کا ایک رکن تھا۔یروشلم پوسٹ کے مطابق بن یامین میں یہ اسرائیلی فوج کی 59ویں ہلاکت ہے۔آئی ڈی ایف کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق، سنائپرز نے فوجیوں کے زیر استعمال عمارت اور رفح کے جنینا محلے میںایک فوجی کھدائی کی سائٹ پر دوپہر 3:45بجے فائرنگ کی۔تھوڑی دیر بعد، آئی ڈی ایف فورسز پر کئی آر پی جیز فائر کیے گئے، جس سے علاقے میں ایک بکتر بند گاڑی متاثر ہوئی۔ فوری ردعمل کے طورپر اسرائیلی فوج نے علاقے میں کئی اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں عمارتیں اور سرنگ کی شافٹ شامل ہیں۔فلسطینی میڈیا کے مطابق فوج نے توپ خانے سے گولہ باری کی۔ٹائمزآف اسرائیل کے مطابق فوج نے کہاہے کہ یہ علاقہ اسرائیلی کنٹرول میں ہونے کے باوجود مزاحمت کاروں کی سرگرمیوں کا مرکز بناہوا ہے۔دس روزقبل بھی رفح، جنوبی غزہ میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہو ئے تھے۔ان میں ایک میجر بھی شامل تھا۔اگست کے اختتام پر غزہ کی جنگ میں اسرائیلی فوجی ہلاکتیں 900تک پہنچ گئی تھیں۔29اکتوبر 2024 کو یہ تعداد صرف 363تھی۔اسرائیل نے واشنگٹن کو آگاہ کیا کہ رفح واقعے کے بعد وہ غزہ کی پٹی پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور وہ اپنے زیر کنٹرول علاقے کی حد کو بڑھائے گا۔ اسے فوج کی از سر نو تعیناتی کا نام دیا گیا ہے۔نیتن یاہواقدام کے لیے امریکی انتظامیہ کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاتز کے مطابق حماس اسرائیلی فوج پر حملہ کرنے اور معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کی قیمت چکائے گی اور اسرائیل اس حملے کا شدید جواب دے گا۔ کاتز نے اسے”سرخ لکیر کی کھلی خلاف ورزی”قرار دیا۔ حماس نے کہا ہے کہ رفح میں فائرنگ کے واقعے سے اس کا کوئی تعلق نہیں اور وہ فائر بندی معاہدے پر قائم ہے۔یک بیان میں تنظیم کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے، معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔ اس حوالے سے اسرائیل پر دبائو ڈالنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ امریکی منصوبے کے مطابق خطرناک خلاف ورزیوں کو بند کرے۔