کراچی: شہر میں ای چالان سسٹم کے فعال ہوتے ہی سائبر کرمنلز نے شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے نئی چال چل دی۔ شہریوں کو ٹریفک پولیس کے نام سے جعلی پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں فوری جرمانہ ادا کرنے کا کہا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ پیغامات مکمل طور پر جعلی ہیں، جن میں فراڈیے سرکاری طرز کے پیغامات تیار کر کے شہریوں کو دھوکا دیتے ہیں۔ پیغام میں دیے گئے لنک پر کلک کرتے ہی شہری اپنی رقم ٹریفک پولیس کو نہیں بلکہ جعل سازوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دیتے ہیں، جب کہ بعض صورتوں میں ان کے بینک اکاؤنٹس اور ذاتی معلومات بھی چرا لی جاتی ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پیر محمد شاہ نے وضاحت کی ہے کہ ٹریفک پولیس عام نمبرز سے ای چالان نہیں بھیجتی۔ شہریوں کو چاہیے کہ کسی بھی مشکوک پیغام پر یقین نہ کریں اور کسی غیر سرکاری لنک پر کلک نہ کریں۔
ماہرین کے مطابق شہری ایسے فراڈ سے بچنے کے لیے چند احتیاطی تدابیر اپنائیں:
پیغام میں درج گاڑی کا نمبر لازمی چیک کریں کہ وہ آپ کی گاڑی سے مطابقت رکھتا ہے یا نہیں۔
ای چالان کی تصدیق صرف سرکاری ویب سائٹ یا ایپ پر کریں۔
مشکوک پیغامات کی زبان اور طرزِ تحریر پر غور کریں — عموماً جعلی پیغامات میں غلطیاں یا غیرمعمولی جملے ہوتے ہیں۔
اگر کوئی پیغام مشکوک لگے تو فوری طور پر متعلقہ ٹریفک پولیس سے رابطہ کریں۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ فراڈیے شہریوں کے خوف اور لاعلمی کا فائدہ اٹھا کر انہیں ٹریفک جرمانوں کے بہانے لوٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شہری اگر محتاط رہیں اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں تو خود کو مالی نقصان سے بچا سکتے ہیں۔ یاد رکھیں — آگاہی ہی سب سے مؤثر دفاع ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos