اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران ترک قیادت نے پاکستان کا ساتھ ایک چٹان کی طرح دیا۔
اسلام آباد میں ترکیے کے یومِ جمہوریہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ دونوں ممالک معاشی، دفاعی اور تذویراتی تعاون کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران ترک قیادت نے غیر متزلزل حمایت کا مظاہرہ کیا، جب کہ ترکیہ نے ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی قبرص کے مسئلے پر ترکیہ کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ چار دن جاری رہی، اس دوران افواجِ پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos