پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی ناکام،4دہشتگرد ہلاک

پشاور: پاک افغان سرحد کے قریب باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خارجی کمانڈر سمیت 4 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں خارجی رہنما امجد عرف مزاحم بھی شامل تھا، جو خارجی نور ولی کا نائب اور متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔

حکام کے مطابق ہلاک خارجی سرغنہ بھارتی آلہ کار تنظیم فتنہ الخوارج کی شوریٰ کا سربراہ تھا اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی قیادت افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی منصوبہ بندی کرتی رہی ہے، لیکن پاکستانی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے باعث ان کے حوصلے پست ہو گئے ہیں۔