اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم کشمیر میں حکومت بنانے اور سنبھالنے کی پوزیشن میں آگئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کی وجہ سے آزاد کشمیر کے گزشتہ الیکشن میں ہماری جیت کو راتوں رات شکست میں بدل دیا گیا مگر آج ہم یہاں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک سیاسی سازش کی وجہ سے کشمیر میں ایک خلا پیدا کیا گیا، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ملکی اور عالمی سطح پر کشمیر کی نمائندگی کر سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، ہماری جماعت نے ہمیشہ کشمیر کاز کا مقدمہ لڑا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اپنے پارلیمانی ساتھیوں اور نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کا شکر گزار ہوں، کوشش ہوگی کشمیری عوام کی امنگوں پر پورا اتریں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ کشمیریوں سے وعدہ کرتا ہوں ان کو مایوس نہیں کروں گا، کشمیریوں کے جو مسائل ہیں ان کا سیاسی حل ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos