جنرل ایوب خان کے پڑپوتے کے گھر سے 80 لاکھ روپے کا قیمتی سامان چوری

اسلام آباد: فیلڈ مارشل جنرل محمد ایوب خان مرحوم کے پڑپوتے محمد تیمور ایوب خان کے گھر سے تقریباً 80 لاکھ روپے مالیت کا قیمتی سامان چوری کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 26 اکتوبر کو سیکٹر ایف 8/2 میں پیش آیا۔

محمد تیمور ایوب خان کی جانب سے تھانہ مارگلہ میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ مدعی کے مطابق صبح تقریباً 5:35 بجے ایک نامعلوم خاتون نے گیٹ پھلانگ کر ان کے ڈرائنگ روم میں داخل ہو کر چوری کی واردات انجام دی۔

چوری شدہ سامان میں دو چاندی کے لیمپ، ایک چاندی کا تھال، مختلف چاندی کے برتن، ایک اہم دعوتی سکرول جو فیلڈ مارشل ایوب خان کی ذاتی اشیاء میں شامل ہے، چاندی کا پیالہ، ٹرے، چائے دان، ڈونگا اور بڑا چمچ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ میک اپ کا سامان اور دیگر گھریلو اشیاء بھی غائب ہو گئی ہیں۔

محمد تیمور ایوب خان کے مطابق چوری شدہ اشیاء کی مجموعی مالیت تقریباً 80 لاکھ روپے بنتی ہے اور اس واردات کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ اس میں سابق صدر پاکستان کی ذاتی استعمال کی اشیاء شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد نامعلوم خاتون کی تلاش جاری ہے اور اسے جلد گرفتار کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔