راولپنڈی: گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے وطن سے محبت کے جذبے سے لبریز نیا ملی نغمہ ریلیز کر دیا۔
پاکستان کی شان ۔گلگت بلتستان کے عنوان سے جاری یہ نغمہ علاقے کے نوجوان گلوکاروں نے اپنی آواز میں پیش کیا ہے، جو خطے کے عوام کے وطنِ عزیز سے گہرے اور لازوال تعلق کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے۔
نغمے میں ان بہادر جانبازوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ گیت کے بول اس عزم کا پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان کی طرف میلی نظر ڈالنے والے کو ہمیشہ ناکامی اور ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
نغمہ اتحاد، بھائی چارے اور وطن کے روشن مستقبل کے لیے ایک ہونے کے جذبے کو اجاگر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ یکم نومبر 1947 وہ تاریخی دن ہے جب گلگت سکاوٹس اور مقامی جانبازوں نے ڈوگرا راج کے خلاف اعلانِ بغاوت کرتے ہوئے مہاراجہ کے تسلط کا خاتمہ کیا اور پہلی بار گلگت کی فضاؤں میں پاکستانی پرچم لہرایا۔
بعد ازاں 14 اگست 1948 کو بلتستان بھی آزاد ہوا۔ گلگت بلتستان کی یہ جدوجہد آج بھی قومی تاریخ کا ایک عظیم باب اور قومی فخر کی علامت ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos