لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے حکومت اور ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں اور شخصیات سے رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شاہ محمود قریشی سے پی ٹی آئی کے متعدد سابق رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اور موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لیے مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں یہ طے پایا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے مختلف جماعتوں سے بات چیت اور مصالحتی رابطے کیے جائیں گے۔
رابطہ کاری مشن میں فواد چوہدری، عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، سبطین خان، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر سابق رہنما شامل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی سے براہِ راست رابطے کی کوششیں بھی کی جائیں گی۔
ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے پارٹی کی موجودہ صورتِ حال، کارکنوں کے حوصلے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی۔ سابق رہنماؤں نے سیاسی محاذ آرائی کے بجائے مفاہمت اور استحکام کی راہ اختیار کرنے پر زور دیا تاکہ ملک کو بحران سے نکالا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos