پشاور:سی ٹی ڈی تھانے میں شارٹ سرکٹ سے دھماکا،1اہلکار شہید،2زخمی

پشاور کے سی ٹی ڈی تھانے میں شارٹ سرکٹ کے باعث ہونے والے دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے سے تھانے کی عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا جبکہ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور ڈاکٹر سعید کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ تھانے میں موجود بارودی مواد شارٹ سرکٹ کے باعث پھٹا۔ انہوں نے واضح کیا کہ واقعہ کسی حملے کا نتیجہ نہیں بلکہ حادثاتی دھماکا تھا۔

سی سی پی او نے بتایا کہ تھانے میں موجود تین اہلکاروں میں سے ایک شہید اور دو زخمی ہوئے، جبکہ چار زیر حراست ملزمان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق سی ٹی ڈی تھانے اور اطراف کے علاقوں کو سیل کر کے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جب کہ عمارت کے متاثرہ حصے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔