کراچی میں سیکڑوں مردہ کوؤں کی ویڈیو وائرل، شہریوں میں تشویش کی لہر

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع میجر خالد شہید پارک میں درجنوں مردہ کوؤں اور چیلوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جنہیں گلوکار و نغمہ نگار بلال مقصود نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔

بلال مقصود کے مطابق وہ گزشتہ چند دنوں سے پارک میں روزانہ 2 سے 3 مردہ کوّے دیکھ رہے تھے، تاہم جمعے کے روز تقریباً 50 سے 60 مردہ کوّے اور دو عقاب پارک میں نظر آئے، جن میں سے کچھ پرندے نیم مردہ حالت میں تھے۔

گلوکار نے اس افسوسناک صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کینٹ بورڈ کلفٹن (CBC) اور پارک انتظامیہ سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ہارٹی کلچر سوسائٹی کے ترجمان رفیع الحق نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پرندے ممکنہ طور پر کچرے سے زہر خورانی کا شکار ہوئے ہوں، کیونکہ کوے اور چیلیں عموماً خوراک کے لیے کچرا چنتے ہیں۔

محکمہ جنگلی حیات سندھ کے اہلکاروں نے بھی پارک کا معائنہ کیا، تاہم انہیں کوئی مردہ پرندہ یا زہرخورانی کے شواہد نہیں ملے۔ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات کا عندیہ دیا ہے۔