کراچی: پاکستان رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی کراچی کے علاقے منگھوپیر روڈ کنواری کالونی میں کی گئی، جہاں سے گرفتار ہونے والے دہشت گرد خوارجی امیر شمس القیوم عرف زاویل عرف زعفران کے قریبی ساتھی ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ علاقے کے شہریوں کے فون نمبرز شمس القیوم کو فراہم کرتے تھے، جو بعد میں ان نمبرز پر بھتہ وصولی کے لیے رابطہ کرتا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے بھتہ خوری اور لینڈ گریبنگ میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ گرفتار ملزم نور زادہ کا بھائی خان زادہ عرف حنظلہ اور حضرت عثمان کا بھائی عمر خطاب بھی فتنہ الخوارج کے سرگرم کارندے تھے جو بعد میں مارے جاچکے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ملزم زید اللہ عرف زیدو تھانہ ایکسائز کورنگی اور اے این ایف کو بھی مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos