وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دعا ہے کراچی ایک بار پھر روشنیوں اور ترقی کا شہر بنے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا کہ وہ پہلی سے چوتھی جماعت تک عائشہ باوانی اسکول میں زیرِ تعلیم رہے، باوانی فیملی نے تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ ملک کا مستقبل ہیں، کل کو یہی بچے ملک کے وزیر یا رہنما بن سکتے ہیں۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں، تعلیمی اداروں کا مقصد صرف روزگار دینا نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کی بنیاد رکھنا ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ مستقبل کی جنگ ہے جو لیبارٹریز کے اندر لڑی جا رہی ہے، نئی ایجادات کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ او لیول اور اے لیول نظام تعلیم کو غیرضروری حد تک بڑھاوا دیا گیا ہے جس سے ہماری تعلیمی جڑیں کمزور ہو گئی ہیں۔
احسن اقبال نے اپنے بچپن کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اُس زمانے میں کراچی ایک ترقی یافتہ اور روشنیوں سے جگمگاتا شہر تھا، *“دعا ہے کہ کراچی اپنی پرانی عظمت کو دوبارہ حاصل کر سکے۔”*
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos