محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابرآلود رہے گا، جہاں چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
اس دوران بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور گرج چمک کے باعث کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جب کہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالم جبہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان اور وزیرستان کے علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ مٹھی میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب کے کئی اضلاع میں اسموگ کی شدت برقرار رہی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos