سندھ،خواتین کیلئے پنک اسکوٹی پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان

کراچی: سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں پنک اسکوٹی فراہمی پروگرام کے دوسرے مرحلے کا اعلان کردیا۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ جلد خواتین کو اسکوٹیز فراہم کرنے کا دوسرا مرحلہ شروع کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، ٹریننگ کورسز میں حصہ لیں اور اس پروگرام میں رجسٹریشن کروائیں تاکہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے خواتین کو مفت تربیت اور ڈرائیونگ لائسنس فراہم کیے جا رہے ہیں۔
پروگرام کا مقصد طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو روزمرہ کے سفری مسائل سے نجات دلانا ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے کو عوام کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی ملی، درجنوں خواتین نے ڈرائیونگ سیکھی اور اپنی روزمرہ زندگی میں پنک اسکوٹی کا استعمال شروع کیا۔

ان کے مطابق پیپلز بس سروس، پنک بس سروس، الیکٹرک بس سروس اور اب پنک اسکوٹی جیسے منصوبوں کا مقصد شہریوں کو سستی، محفوظ اور باوقار سفری سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر مضبوط بنانا پیپلز پارٹی کے نظریاتی سفر کا اہم حصہ ہے، یہ مشن شہید بینظیر بھٹو کے وژن کا تسلسل ہے۔