اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلسِ شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران دو برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے درمیان اخوت، احترام اور باہمی اعتماد کے گہرے رشتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دورۂ پاکستان کے دوران اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک سیاسی، معاشی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
قالیباف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایک مؤثر اور بااثر ملک ہے، جس کے ساتھ ایران کے تعلقات دلوں اور ایمان کے رشتے پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو فخر ہے کہ وہ پاکستان کی آزادی کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک تھا، اور علامہ اقبال لاہوری دونوں قوموں کے فکری و روحانی اتحاد کی علامت ہیں۔
ایرانی اسپیکر کے مطابق دونوں ممالک کی پارلیمان متحرک اور بااثر ہیں، اور پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے تعلقات مزید مضبوط کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت کو 10 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے، خاص طور پر سرحدی منڈیوں کی ترقی سے باہمی تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول پر رہے ہیں اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں ایک جیسے اصولی مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کو عالمِ اسلام کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان ہمیشہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان کی حکومت، پارلیمان اور عوام کی طرف سے ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران و پاکستان کے سلامتی کے مفادات ایک دوسرے سے جدا نہیں۔
ایرانی اسپیکر نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ اسلام کے مقدس پرچم تلے باہمی تعاون کی راہوں میں حائل رکاوٹیں دور کر کے ترقی، خوشحالی اور وقار کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں۔ انہوں نے پاکستانی پارلیمان کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی اور کامیابی کے لیے دعا کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos