سپریم کورٹ کینٹین دھماکا:جھلسنے والا 19 سالہ نوجوان دم توڑ گیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی کینٹین میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں جھلسنے والا 19 سالہ نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں جاں بحق ہوگیا۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ کی کینٹین میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوئے تھے۔ تمام زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ایک نوجوان کی حالت نازک بتائی جا رہی تھی۔

ذرائع کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ عدالتوں میں موجود وکلا اور عملہ کمروں سے باہر نکل آئے، جبکہ سپریم کورٹ کی کورٹ نمبر 6 کو بھی نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں دھماکے کی وجہ گیس لیکج قرار دی گئی ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔