اعظم سواتی متنازع ٹوئٹس سے متعلق دو مقدمات سے بری

اسلام آباد: عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کو متنازع ٹوئٹس سے متعلق دو مقدمات سے بری قرار دے دیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں اعظم سواتی کے خلاف سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کی۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے سینیٹر اعظم سواتی کو دونوں کیسز میں بری کردیا۔

اعظم سواتی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں ان پر متنازع ٹوئٹس کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف بیانات دینے کا الزام تھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد اعظم سواتی کے وکیل نے کہا کہ انصاف کی جیت ہوئی ہے اور یہ مقدمات بے بنیاد تھے۔

عدالت کے فیصلے سے متعلق سرکاری سطح پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔