جاپان،بھورے جنگلی ریچھوں کے حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ،فوج طلب

 

 ٹوکیو: جاپان میں بھورے جنگلی ریچھوں کے حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی جاپان میں رواں سال اپریل سے اب تک ریچھوں کے 100 سے زائد حملے رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر حملے اسکولوں، ریلوے اسٹیشنوں اور اشیائے خورونوش کی دکانوں کے قریب پیش آئے ہیں۔

جاپانی حکومت نے ریچھوں کی آبادی پر قابو پانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ مقامی حکام کو ریچھ کے شکار اور قابو پانے کی خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔

اکیتا ریجن کے گورنر کے مطابق مقامی ادارے وسائل کی کمی کے باعث ریچھوں کے مسئلے سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

حکومت نے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں فوج کو تعینات کیا ہے جو ریچھوں کو قابو کرنے کے لیے جال پھینکنے والے آلات اور خصوصی اسپرے استعمال کر رہی ہے۔