وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، انتشار پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیرآباد اور میانوالی کے ارکان اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی، جس میں ترقیاتی منصوبوں، عوامی ضروریات اور جاری اسکیموں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے گرین بس سروس اور ستھرا پنجاب پروگرام جیسے اقدامات کو سراہا اور عوامی سطح پر ان منصوبوں کی پذیرائی سے آگاہ کیا۔
پارلیمنٹرینز نے صوبے میں امن و استحکام کے لیے وزیراعلیٰ کے ویژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ای بز پورٹل کے اجرا کو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم پیشرفت قرار دیا۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ عوامی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) اور قائد نواز شریف کا بنیادی منشور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ اور گھر کی دہلیز تک مفت ادویات جیسے پروگرام صوبے میں خوشحالی کی نئی راہیں کھول رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں پہلی بار 30 لاکھ افراد کو 10 ہزار روپے کے پے آرڈرز ان کے گھروں تک پہنچائے گئے ہیں جبکہ 15 لاکھ خاندان راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ تین ہزار روپے حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسانوں کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ تسلسل سے جاری رہے گا۔
ارکانِ اسمبلی نے کہا کہ مریم نواز شریف کی شفاف اور نتیجہ خیز قیادت نے پنجاب میں گورننس کا نیا معیار قائم کیا ہے۔ ان کے مطابق گرین بس پراجیکٹ کا دیہات تک پھیلاؤ مساوی ترقی کے ویژن کا ثبوت ہے۔
پارلیمنٹرینز نے کہا کہ مریم نواز شریف نے وعدے نبھانے اور منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کر کے عوام کا اعتماد جیت لیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos