وفاقی حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ باضابطہ طور پر سینیٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کل سینیٹ کے اجلاس میں ترمیمی بل پیش کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترمیمی مسودہ پیش کیے جانے کے بعد اسے تفصیلی غور و خوض کے لیے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے سپرد کیا جائے گا۔ کمیٹی ہفتہ اور اتوار کو خصوصی اجلاس منعقد کرے گی تاکہ مسودے کی شقوں کا جائزہ لیا جا سکے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ قائمہ کمیٹی اپنی رپورٹ پیر کے روز سینیٹ میں جمع کرائے گی، جس کے بعد منظوری کی صورت میں یہ ترمیم قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کی حتمی منظوری کا امکان 14 نومبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ہے۔
پارلیمانی ذرائع نے بتایا کہ حکومت ترمیمی عمل کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے لیے ہفتہ اور اتوار کو بھی اجلاس بلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ سینیٹ اجلاس میں ترمیم کے اہم نکات پر ارکان کو بریف کریں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق کوشش کی جا رہی ہے کہ ترمیمی عمل مقررہ وقت کے اندر مکمل ہو جائے تاکہ دونوں ایوانوں سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظوری حاصل کی جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos