فائل فوٹو
فائل فوٹو

حیدرآباد :اہلیہ کو زندہ جلانےپر شوہر کو ساتھی سمیت عمر قید

حیدرآباد: سیکنڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و جینڈر بیس وائلنس کورٹ کی خصوصی عدالت نے اہلیہ کو تشدد اور زندہ جلا کر قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم عبدالحمید ملاح اور اس کے ساتھی محمد سلیم ملاح کو جرم ثابت ہوجانے پر عمر قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزمان کو مزید چھ چھ ماہ قید بھگتنا پڑے گی۔ جرمانے کی رقم قصاص دیت کے تحت مقتولہ کے ورثا کو دی جائے گی۔ ملزمان کے خلاف مقتولہ نمرا کی والدہ مسماة ستابی زوجہ محمد بخش نے نسیم نگر پولیس پوسٹ کے ذریعے تھانہ قاسم آباد میں مقدمہ درج کروایا تھا کہ 24 فروری 2021 کے دن اس کے داماد عبدالحمید ملاح نے اپنے دوست سلیم ملاح کے ساتھ ملکر نمرا کو تشدد کا نشانہ بنایا اور زندہ جلا دیا تھا جو اسپتال میں 25 فروری کو چل بسی تھی۔

فیصلہ سنائے جانے کے بعد ضمانت پر آزاد دوسرے ملزم سلیم ملاح کو عدالت سے گرفتار کرکے سزا بھگتنے کیلئے جیل منتقل کروادیا گیا جبکہ فاضل عدالت نے کیس کے مرکزی ملزم عبدالحمید ملاح کو جیل میں گزارا گیا وقت بھی سزا میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔