فائل فوٹو
فائل فوٹو

27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت کے لیے وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی

آئین میں مجوزہ 27 ویں ترمیم پر مشاورت کے لیے طلب کیا گیا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے، جبکہ اجلاس کے انعقاد سے متعلق نیا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کا اجلاس آج صبح پونے 10 بجے طلب کیا تھا، جس میں 27 ویں آئینی ترمیم پر مشاورت ہونی تھی۔ تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا ہے اور کابینہ ارکان کو اس کی نئی تاریخ سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے شیڈول سے متعلق نیا فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کی اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے گزشتہ روز مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم پر تفصیلی غور و خوض کے بعد اس کی بیشتر شقوں کو مسترد کر دیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مجوزہ ترامیم پر بات چیت جمعہ کو بھی جاری رہے گی، تاہم پارٹی صوبوں کے مالیاتی حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ پیپلز پارٹی صرف آرٹیکل 243 سے متعلق شق پر بات چیت کے لیے تیار ہے، باقی ترامیم کو وہ تسلیم نہیں کرتی۔