اسٹیٹ لائف کا گلگت بلتستان میں ہیلتھ کیئر پروٹیکشن کا آغاز

اسلام آباد،  صحت کی سہولیات تک رسائی میں بہتری کے ایک بڑے اقدام کے طور پر، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان (SLIC) نے حکومتِ گلگت بلتستان (GB) کے تعاون سے گلگت میں پائلٹ آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) انشورنس اسکیم کے لیے ایک باضابطہ دستخطی تقریب منعقد کی۔
اس معاہدے پر باضابطہ طور پر اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان (SLIC) کے ڈویژنل ہیڈ ہیلتھ، جناب محمد اشعر اور گلگت بلتستان کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جناب سید اشتیا ق حسین نے دستخط کیے ۔ تقریب میں حکومتِ گلگت بلتستان کے سیکریٹری صحت جناب آصف اللہ خان ، پارلیمانی سیکرٹری برائے کامرس ، جناب ذوالفقار علی بھٹی، چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب شعیب جاوید حسین اوراسٹیٹ لائف کے سینئر نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
یہ منصوبہ گلگت بلتستان کے منتخب اضلاع میں مریضوں کے لیے مفت او پی ڈی کی سہولیات متعارف کراتا ہے، جو اس علاقے میں بنیادی صحت کی خدمات تک رسائی بہتر بنانے میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ پراجیکٹ جرمن ترقیاتی بینک KfW کے مالی تعاون سے جاری ہے، جس نے اس پائلٹ مرحلے کے لیے40 کروڑ 7 لاکھ روپے سے زائد کی رقم مختص کی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےاسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے سی ای او جناب شعیب جاوید حسین نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان میں صحت کا نظام نمایاں طور پر بدل چکا ہے، اوراسٹیٹ لائف کو اس تبدیلی کا مرکز ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جدت، عزم اور قومی ذمہ داری کے گہرے احساس کے ساتھ ہم نے ایک ایسا نظام تشکیل دیا ہے جس کے تحت 18 کروڑ سے زائد پاکستانی معیاری طبی سہولتوں اور مالی تحفظ تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔ گلگت بلتستان کا او پی ڈی منصوبہ اسی سفر کا تسلسل ہے، جو صحت کی سہولیات کو ملک کے ہر گوشے تک پہنچانے کی کوشش ہے۔‘‘
ابتدائی طور پر یہ پروگرام گلگت میں شروع کیا جائے گا، جس کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ڈیٹا بیس کے ذریعے شناخت شدہ پسماندہ طبقے کے 68 ہزار سے زائد افراد کو صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس سکیم کو بعد ازاں گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ مالیاتی انتظام کے تحت، جرمن ترقیاتی بینک KfW مجموعی فنڈنگ کا 90 فیصد فراہم کرے گا، جبکہ بقیہ10 فیصد حصہ حکومتِ گلگت بلتستان برداشت کرے گی، جس سے مقامی شراکت اور ملکیت کو مضبوط بنایا جائے گا۔
محکمۂ صحت گلگت بلتستان کے سیکریٹری جناب آصف اللہ خان نےاپنے خطاب میں کہا کہ حکومتِ گلگت بلتستان، اسٹیٹ لائف اور ہمارے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعاون کو سراہتی ہے۔اس او پی ڈی انشورنس اسکیم کے ذریعے ہم اپنی عوام کے لیے سستی، منصفانہ اور سماجی طور پر جامع صحت کی سہولیات یقینی بنانے کی عملی سمت میں ایک اہم قدم اٹھا رہے ہیں۔
یہ پائلٹ او پی ڈی انشورنس اسکیم عوام کو صحت کی ایک جیسی سہولیات دینے کے لیے حکومت کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہے اور اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ اسٹیٹ لائف پورے پاکستان میں قومی اور صوبائی سطح کے صحتِ عامہ کے انشورنس پروگرامز کی ایک مؤثر اور اسٹریٹجک منتظم کے طور پر تیزی سے اپنا کردار بڑھا رہی ہے۔