27ویں آئینی ترمیم کے خلاف اپوزیشن کا ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد نے مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ آئین ریاست اور عوام کے درمیان ایک عمرانی معاہدہ ہے، لیکن عوام کو اب تسلیم نہیں کیا جا رہا، اس لیے ہم عوام کے پاس جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بنیادوں کو ہلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لہٰذا اب تحریک کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا۔ ان کے مطابق تحریک کا آغاز آج رات سے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا نعرہ ہوگا "جمہوریت زندہ باد، آمریت مردہ باد” جبکہ قیدیوں کی رہائی کے لیے بھی آواز بلند کی جائے گی۔ اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ عوامی طاقت سے ثابت کریں گے کہ آئین بالادست ہے اور پارلیمنٹ ہی طاقت کا اصل سرچشمہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:۔ 27 ویں آئینی ترمیم کی تفصیلات۔ 27نومبر سے آرمی چیف تینوں مسلح افواج کے سربراہ

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ قوم کو 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف متحد ہونا ہوگا، کیونکہ اس کے ذریعے جمہوری اداروں کو کمزور اور طاقتور طبقات کو مزید اختیار دیا جا رہا ہے۔

اپوزیشن اتحاد کا کہنا ہے کہ تحریک کا مقصد آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لیے عوامی جدوجہد کو منظم کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔