باکو میں یومِ فتح:شہباز شریف،اردوان اور علیوف کا اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ

باکو: آذربائیجان کے یومِ فتح کی شاندار تقریب میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں تینوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور پاک فوج کا ایک خصوصی دستہ پریڈ میں شامل ہوا، جس پر آذربائیجان کے عوام نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف اور اردوان کی موجودگی کو اتحاد اور بھائی چارے کی علامت قرار دیا اور کہا کہ مشکل وقت میں دوست ممالک کا ساتھ قومی سرمائے کے مترادف ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان تین برادر ممالک ہیں جن کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا، چاہے وہ جنگ کے میدان ہوں یا عالمی فورمز۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کی افواج کی بہادری کی تعریف کی اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کے سات طیارے مار کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ آذربائیجان، ترکیہ اور پاکستان ایک خاندان کے تین بازو ہیں اور خطے میں امن و ترقی کے لیے اتحاد اور بھائی چارے کو مزید مضبوط کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے یومِ فتح کی خوشی کو پوری مسلم دنیا کی خوشی قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 2 روزہ دورے کے بعد اسلام آباد واپسی کی، جہاں حیدر علیوف بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پاکستانی سفارتکاروں نے انہیں الوداع کیا۔ دورے کے دوران شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر اور ترکیہ کے صدر سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوئیں، جس میں خطے اور بین الاقوامی مسائل پر تعاون کو مزید گہرا کرنے کا عزم کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ ترکیہ کے ایک وزارتی وفد کے جلد پاکستان کے دورے کا اعلان بھی کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔