لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ پیدائش شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے موقع پر کہا ہے کہ قوم کے لیے خوداری کا درس علامہ اقبالؒ کا بہت بڑا احسان ہے اور ان کے افکار پر عمل سے پاکستان ایک فلاحی اور اعتدال پسند ریاست بن سکتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ علامہ اقبالؒ شاعر ہی نہیں بلکہ مصلح اور ناصح بھی تھے، جنہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا شعور بیدار کیا اور قوم کی سمت متعین کی۔ ان کا فلسفہ خودداری نوجوانوں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار پر عمل کرنا پاکستان کی ترقی، انصاف پسندی، جمہوریت اور اعلیٰ اقدار کے فروغ کا بہترین طریقہ ہے۔ ان کے افکار اور فلسفہ کی حقیقی تعبیر سے ملک سیاسی، معاشی، مذہبی اور سماجی لحاظ سے دنیا میں ممتاز مقام حاصل کر سکتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج کے دن بحیثیت قوم ہمیں علامہ اقبالؒ کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے اور ان کی شاعری و فلسفہ پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو فلاحی اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے کوشاں رہنا ہوگا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos