سینیٹ سے منظور شدہ 27 ویں آئینی ترمیم آج قومی اسمبلی میں پیش ہوگی

اسلام آباد: سینیٹ سے منظور ہونے والی 27 ویں آئینی ترمیم آج قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ اسمبلی کے اجلاس کا 11 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ 27 ویں آئینی ترمیم بل منظوری کے لیے پیش کریں گے۔ سینیٹ میں اس ترمیم کو دو تہائی اکثریت سے منظور کیا گیا تھا، جس میں 64 ارکان نے ووٹ دیا اور مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا۔ 27 ویں آئینی ترمیمی بل کی 59 شقوں کی مرحلہ وار منظوری دی گئی۔

سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے ترمیم کی منظوری کے عمل کا بائیکاٹ کیا۔ تاہم، پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور جے یو آئی کے سینیٹر احمد خان نے آئینی ترمیم کی حمایت کی۔

رپورٹس کے مطابق، پیپلزپارٹی کے 25، ن لیگ کے 20، اور 6 آزاد سینیٹرز نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ بی اے پی کے 4 اور ایم کیو ایم و اے این پی کے 3، 3 ارکان نے بھی حمایت کی۔ اس کے برعکس، پی ٹی آئی، سنی اتحاد کونسل، ایم ڈبلیو ایم اور جے یو آئی ف نے ترمیم کی مخالفت کی اور سینیٹ میں شدید ہنگامہ آرائی کی۔

منظوری کے دوران اپوزیشن ارکان نے "جعلی اسمبلی” اور "جعلی حکومت نا منظور” کے نعرے لگاتے ہوئے سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔