راولپنڈی: پاکستان نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے۔ اوپنرز صائم ایوب اور فخر زمان نے اننگ کا آغاز کیا، لیکن صائم ایوب صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ فخر زمان نے بابر اعظم کے ساتھ 54 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم 68 کے مجموعی سکور پر فخر زمان 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بابر اعظم کے ساتھ محمد رضوان کریز پر آئے، لیکن صرف 5 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ سلمان آغا نے بابر اعظم کے ساتھ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگ کو سہارا دیا۔ سلمان آغا نے شاندار 105 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی، حسین طلعت نے 62 رنز جوڑے جبکہ محمد نواز 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے وانندو ہاسارنگا سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ مہیش تھکشنا اور اسیتھا فرنینڈو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا نے پاکستان کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنائے، اور یوں پاکستان نے 6 رنز سے میچ جیتا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos